مقبوضہ کشمیر سے معلومات کا باہر نہ آنا،مواصلاتی ذرائع پر پابندیاں باعث تشویش: اقوام متحدہ

مقبوضہ کشمیر سے معلومات کا باہر نہ آنا،مواصلاتی ذرائع پر پابندیاں باعث ...

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کولوائل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیاہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیاہے کہ ہم بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ اب ایک نئی سطح پر ہے۔روپرٹ کولوائل نے کہا کہ ہم نے اپنی8جولائی2019کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ میں جاری بھارتی مظالم کا ذکر کیا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیسے بھارت مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے کو انتظامیہ بار بار ذرائع مواصلات کو بند کر تا ہے مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ سیاسی مخالفین کو سزا دینے کے لئے عقوبت خانے استعمال کرتی ہے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر انتظامیہ مظاہرین سے نمٹنے کے لئے طاقت کے بتدریج استعمال سے عوام کو زخمی اور ماورائے عدالت قتل عام کر رہی ہے۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین پابندیاں خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مزید ابتر کریں گی۔ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات پر موجودہ مکمل پابندی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قائدین زیر حراست ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں ہیں۔روپرٹ کولوائل نے کہا کہ ان پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور نمائندے مقبوضہ کشمیر کے مستقبل کی جمہوری بحث میں حصہ لینے سے محروم ہو رہے ہیں۔انسانی حقوق کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی و سیاسی کنوینشن کے تحت مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے اور معلومات کی فراہمی اور حصول متاثر ہو رہے ہیں جس کا بھارت دستخطی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیٹی کے مطابق ان پابندیوں سے حقوق کی کشمیریوں کی خلاف ورزیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ انسانی حقوق کمیٹی تنبیہ کرتی ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر سے معلومات کا باہر نہ آنا باعث تشویش ہے۔

اقوام متحدہ 

مزید : صفحہ اول


loading...