سعودی ولی عہد، برطانوی ہم منصب سے رابطہ، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کا کیس لڑے گا: عمران خان 

  سعودی ولی عہد، برطانوی ہم منصب سے رابطہ، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کا کیس ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو میں خطے میں پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان نے بھارتی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بھی بات چیت کی، وزیراعظم عمران خان نے برطا نو ی وزیراعظم بورس جانسن کو بھی ٹیلی فون کیا جس میں انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکبادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی،اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقا ت کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں وزرائے اعظم نے کشمیر سمیت تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں کہا پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کا کیس لڑے گا، حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال اور ملکی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پر حکومتی ترجمانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کی جبری تبدیلی پرعالمی برادری کو آگاہ کررہے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتا۔دریں اثناء  وزیرِاعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو کراچی میں صفائی سے متعلق امور اور اہل شہر قائد کے مکینوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفراللہ اور معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے بھی ملاقات کی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔معاون خصوصی ڈاکٹر ظفراللہ نے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات خصوصا صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت پر وزیرِاعظم کو آگاہ کیا جبکہ سید ذوالفقار عباس بخاری کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ بدھ کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے ملاقات مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم

مزید : صفحہ اول


loading...