شہبا زشریف سے بلاول، فضل الرحمن کی ملاقاتیں، جمعہ کو رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ 

  شہبا زشریف سے بلاول، فضل الرحمن کی ملاقاتیں، جمعہ کو رہبر کمیٹی کا اجلاس ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری اور سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمن الگ الگ ملاقاتیں کیں۔تفصیلات کے مطابق ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مشترکہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو طلب کر نے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلاول بھٹو میاں شہباز شریف سے ملاقات کیلئے انکے چیمبر میں پہنچے،شیری رحمان، خورشید شاہ، نوید قمر بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے سردار ایاز صادق اور احسن اقبال بھی ملاقات میں موجود تھے۔شہباز شریف بلاول کو خوش آمدید کہنے دروازے تک آئے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف  نے کہاکہ ملاقات  میں مسئلہ کشمیر اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی نے کشمیر کے حوالے سے جوگھٹیا حرکت کی ہے اس کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے،پارلیمنٹ میں کشمیری بھائی بہنوں کیلئے اظہار یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر معاملات کو اپوزیشن کی رہبر کمیٹی دیکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ تمام معاملات کو اے پی سی میں ڈسکس کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جلد رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ بلاول بھٹو زر داری  نے کہاکہ میں شہباز شریف کا شکر گزار ہوں، انہوں نے بڑا اچھا کھانا کھلایا۔ انہوں نے کہاکہ ملاقات میں اہم امور پر بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی رہبر کمیٹی میں تمام معاملات زیر بحث آئیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آمریت کے دور میں جمہوریت کی سیاست کیلئے غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی قیادت نے سینٹ انتخابات میں حکومت کو مسترد کردیا ہے۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی میں بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام کے مفادات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کے لیے اقدامات پر اتفاق کی۔رہبرکمیٹی کو پر حکومت کی جانب سے میڈیا پر عائد پابندیوں اور سینسرشپ کے خلاف جامع اور موثر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی،دونوں رہنماؤں کا ملک کی داخلی اور خارجی صورت حال پر غور اور مشاورت کی۔

شہباز شریف ملاقاتیں 

مزید : صفحہ اول


loading...