ایل این جی کیس، مفتاح اسماعیل ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار، اقدام انتقامی کارروائی: مسلم لیگ (ن)

ایل این جی کیس، مفتاح اسماعیل ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار، اقدام انتقامی ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)ایل این جی کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد سابق مشیر خزانہ اوررہنما مسلم لیگ(ن) مفتاح اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کی دائر ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی،سماعت کے موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا یہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہے، نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کیسز میں ضمانت کا معیار طے کر دیا ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ کو غیر معمولی حالات بھی بتانا ہونگے۔ایل این جی کیس کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا ایل این جی کی قیمتوں کا مارکیٹ سے موازنہ کرایا ہی نہیں گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا اگر آج کوئی غلط کر رہا ہے تو وہ بھی کل پکڑے جائیں گے، مفتاح اسماعیل نے بورڈ میٹنگ کے منٹس شاہد خاقان عباسی کو ای میل کیے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا یہ پی ایم کو ای میل کرنے کے بجائے چیئرمین نیب کو ای میل کرتے؟جسٹس محسن اختر کیانی مؤقف اختیار کیا اس پراجیکٹ سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے تو موجودہ حکومت کیا کر رہی ہے؟۔ مفتاح اسماعیل کے وکیل حیدر وحید نے دلائل دیتے ہوئے کہا نیب پہلے اسی عدالت میں بیان دے چکا مفتاح اسما عیل کی گرفتاری نہیں چاہیے، نیب بتائے تب اور آج میں ایسا کیا نیا ہو گیا ہے؟ محض سیاسی حالات بدلے ہیں جس کی وجہ سے گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا، سیاسی وجہ سے وارنٹ جاری کرنا بدنیتی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مفتاح اسماعیل کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔نیب کی ٹیم نے مفتاح اسماعیل کو ضمانت مسترد ہونے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا۔دریں اثناء سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو بھی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔

مفتاح گرفتار

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)نے سابق مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے جب پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرو ر ت ہے اس وقت بھی حکومت انتقامی ایجنڈا پرکام کر رہی ہے،مسلم لیگ ن ملکی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے، ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے ہماری جدوجہد سے روکا نہیں جا سکتا،اگر حکومت کی یہی حکمت عملی برقرار رہی تو کوئی بھی کام نہیں کریگا۔ مریم اور نگزیب کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا مسلم لیگ (ن)سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو نیب کی جانب سے گرفتارکرنا انتقامی ایجنڈا جاری رکھنا ہے۔مفتاح اسماعیل کو اللہ نے بہت نوازا ہے، پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں ان کا نام نمایاں ہے، ان پر بھی وہی الزام لگایا گیا جو شاہد خاقان عباسی کیخلاف لگایا گیا تھا، الزام ایل این جی ٹرمینل لگانے سے متعلق تھا، یہ وہی ٹرمینل ہے جس کو لگانے کی مختلف حکومتوں نے کوشش کی تاہم کامیاب صرف شاہد خاقان ہوئے، مفتاح اسماعیل جیسے ایماندار آدمی کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس سے یہ پیغام جارہا ہے جو بھی کام کریگا اس کا انجام یہی ہو گا۔ کیا حکومت یہ پیغام دینا چاہتی ہے کوئی کام نہ کرو اور صرف فائلیں گھماتے رہو، بجائے قومی اتحاد اور قومی یکجہتی پیدا کر نے کے عمران نیازی انتقامی کاروائی پر کاربند ہیں۔یہ کشمیری عوام کیساتھ مذاق ہو رہا ہے،عمران نیازی نے اجلاس سے خطاب کر کے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں، اگر عمران نے پاکستان کی بات کرنی تھی تو کشمیر پر آواز کیوں نہیں اٹھائی۔

مسلم لیگ ن

مزید : صفحہ اول


loading...