کشمیری عوام پر بھارتی مظالم قابل مذمت ہے،مہر سلطانہ
پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات وسابقہ ایم پی اے مہرسلطانہ نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی ہے اورکہاہے کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں پوری قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانا وحشیانہ فعل ہے جس سے بھارت کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا۔ مہرسلطانہ نے کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملے گا۔