"ٹرمپ ثالثی کا لالی پاپ دے کر مزے لے رہا ہے اور مستقبل میں مقبوضہ کشمیر میں ۔۔۔" سینئر صحافی نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

"ٹرمپ ثالثی کا لالی پاپ دے کر مزے لے رہا ہے اور مستقبل میں مقبوضہ کشمیر میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (تحریر: ایثار رانا) بھارت سے سفارتی تعلقات کی قطعاًکوئی ضرورت نہیں،مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا اب اسکے بعد ان منافقانہ تعلقات کا کوئی جواز باقی نہیں رہا،پاک بھارت جنگ ممکن نہیں یہ دونوں ممالک چاہیں بھی تو ایسا ممکن نہیں۔یہ جنگ پوری دنیا کو تباہ کرسکتی ہے۔اب روایتی جنگ کا دور گزر چکا۔میں نے پہلے بھی عرض کی تھی کہ امریکہ ہمارا کبھی دوست نہیں بن سکتا وہ پہلے سے جانتا تھا کہ بھارت کیا کرنے جا رہاہے۔ڈونلڈ ٹرمپ ثالثی کا لالی پاپ پکڑا کے ”حالات“کا مزا لے رہاتھا۔اس وقت دنیا میں عملی طور پہ انتہا پسندوں کا قبضہ ہے۔حسینہ واجد،ولادی میر پیوٹن،نیتن یاہو ڈونلڈ ٹرمپ اور کچھ اسلامی ممالک کی قیادت سمیت چاروں طرف انتہا پسند چھائے ہوئے ہیں۔میرا خیال ہے کشمیر کے حوالے سے اسکے تمام سٹیک ہولڈر جانتے تھے کہ بھارت کیا کرنے جا رہاہے۔مجھے ایسا لگتا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر ایک بار پھر غاصبانہ قبضے کے بعد مقبوضہ کشمیر مستقل اور منطقی حل کی جانب بڑھ رہاہے۔امریکہ یہ چاہتا ہے کہ لداخ بھارت کے پاس رہ جائے اور کشمیر پر ایک نیم آزاد ریاست قائم کردی جائے جہاں اقوام متحدہ کی امن فورس کے نام پر پنجے گاڑھ دئیے جائیں میں بہت آگے کی بات کررہاہوں۔بظاہر میرا یہ دعوی قبل از وقت ہے۔لیکن آنے والے کچھ دنوں میں یہ تاثر غلط ثابت ہوجائے گا کہ شق 137 ختم کرکے بھارت کشمیر کو آسانی سے ہضم کرجائے گا۔وہ اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کشمیر میں بڑا سانحہ برپا کرسکتا ہے جس میں بڑے پیمانے پر خون بہے اور اسکا الزام پاکستان پہ لگایا جائے وہ پاکستان سے براہ راست چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا نہ امریکہ ایسا چاہے گا۔وزیراعظم عمران خان اس جانب اشارہ دے چکے کہ اس بار جنگ میں پوری دنیا کا نقصان ہوگا۔ایک امتحان بھارتی عدلیہ کا بھی ہے سرینگر ہائی کورٹ یہ قرار دے چکی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔اب اس حوالے سے بھارتی عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہے۔آخری بات کشمیریوں نے اتنی قربانیاں اس لیے نہیں دیں کہ بھارت ایک آرٹیکل ختم کرکے کشمیر کو قصہ پارینہ بنادے۔نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی غیور اقوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔آپ کشمیر جنت نظیر کو آپ فلسطین نے نہیں بنا سکتے۔بھارت کے اس گھناو¿نے قدم کے بعد خطے میں آزادی کی شمع اور طاقت سے روشن ہوگی لاکھوں شہیدوں کے خون کی قر بانیوں کو کوئی غاصب دھندلا نہیں سکتا۔آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ انٹرنیشنل پلیئرز کی خواہشیں اپنی جگہ لیکن اللہ کے فیصلے اٹل اور انسانی سوچ سے بالاتر ہوتے ہیں۔