"ان کے ارادے کل اس خاتون کو بھی گرفتار کرنے کے ہیں" زرداری نے مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے بتادیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز کو نیب کی جانب سے گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔سابق صدر نے کہا ہے کہ ان کے ارادے کل میری بہن فریال تالپور کو بھی گرفتار کرنے کے ہیں، بات نکلی ہے تو دور تک جائے گی، دوسروں کی بھی مائیں بہنیں ہیں، ان سب کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج مریم نواز اپنے والد سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملنے کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچی تھیں کہ وہاں موجود قومی احتساب بیورو (نیب) کے اہلکاروں نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا جس کے بعد انہیں نیب آفس پہنچا دیا گیا۔نیب نے آج مریم نواز کو چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر رکھا تھا۔نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ مریم نواز 31 جولائی کے سوالنامے کے تسلی بخش جواب نہیں دے سکی تھیں، انہوں نے پیش ہونے سے انکار بھی کر دیا تھا۔نیب کی جانب سے مریم نواز کو دیئے گئے سوالنامے میں سرمایہ کاری اور اراضی سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے تھے۔نیب نے نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی حراست میں لے لیا ہے، انہیں بھی آج ہی نیب آفس طلب کیا گیا تھا۔