مریم نواز کی گرفتاری قابل مذمت ، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہوگا :شہبازشریف

مریم نواز کی گرفتاری قابل مذمت ، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ...
مریم نواز کی گرفتاری قابل مذمت ، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہوگا :شہبازشریف

  


اسلامآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف شہبازشریف نےاپنی بھتیجی مریم نوازشریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لیجارہا ہے، قوم کو مسلسل خبردار کررہا ہوں، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہوگا ۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہےکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، قومی مفادات کا سودا نہیں کرنے دیں گے، ہم سب کو بھلے کالا پانی بھجوا دیں لیکن جھوٹ کے پردے میں قومی مفادات نیلام نہیں ہونے دیں گے ،اپوزیشن کو دیوار سے لگایاجارہا ہے، نیازی منصوبہ پاکستان پر نافذ نہیں ہونے دیں گے،یہ سازش بے نقاب ہوچکی،نیازی حکومت ایسی اوچھی حرکتوں سے نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کو نہیں جھکا سکتی، یوسف عزیز، مفتاح اسماعیل سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں بتا رہی ہیں کہ حکومت سیاسی انتقام میں مکمل پاگل ہو چکی ہے،جھوٹ اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر مریم نوازشریف کی بلاجواز گرفتاری غلط موقع پر سراسرغلط اقدام ہے، سیاسی انتقام میں اندھی حکومت میں نہ ظرف ہے اور نہ ہی اتنی دانائی کہ معاملات کی نزاکت کو سمجھے ،عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز شریف کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے ،پہلے بتا دیا گیا تھا کہ مریم نواز شریف والد سے ملاقات کی وجہ سے آج نیب نہیں جائیں گی، نیب نے مریم نواز شریف کو ایسے گرفتار کیا یا جیسے وہ بھارت پر حملہ کرنے جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے کہ ان لوگوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں؟ اگر آپ کو کرپشن یا کسی غلط کام کا کوئی ثبوت نہیں ملا تو کیا گھر کے بچوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا؟یہ کیسا احتساب اور انصاف ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے اور خبر پہلے آجاتی ہے، کشمیر کے محاذ پر قوم کی رسوائی کا باعث بننے والی حکومت اپنی پے درپے حماقتوں سے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچارہی ہے ،عمران نیازی اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیرپر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دے۔اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے کہا کہ مریم نوازشریف کو اس لئے گرفتار کیاگیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کیوں کررہی ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کو آوازبلند کرنے سے روک رہی ہے، نیازی پاکستان میں اپوزیشن کو کشمیریوں کے حق میں سرگرمیوں سے روک رہا ہے،مریم نوازشریف کی گرفتاری ثبوت ہے کہ نالائق اعظم ایک نہتی لڑکی سے کس قدر خوفزدہ ہے؟ پہلے ہی خبر تھی کہ آج مریم نوازشریف کو گرفتار کرلیاجائے گا ،مریم نوازشریف کشمیریوں کے حق میں آواز کیوں بلند کررہی ہیں، نالائق اور نااہل حکومت کو برداشت نہیں ہوا،اپوزیشن کی گرفتاریوں کے ذریعے نیازی حکومت چاہتی ہے کہ کشمیر کے حوالے سے اصل حقائق قوم کے سامنے نہ آسکیں, نیازی حکومت چاہتی ہے کہ قوم کی توجہ اپوزیشن کی گرفتاریوں میں الجھی رہےاور پاکستان کے قومی مفادات کہیں اور نیلام ہو جائیں.

مزید : قومی


loading...