پنجاب میں منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پولیس اور اے این ایف کے جوائنٹ آپریشنزپر اتفاق

پنجاب میں منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پولیس اور اے این ایف کے جوائنٹ ...
پنجاب میں منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پولیس اور اے این ایف کے جوائنٹ آپریشنزپر اتفاق

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن  لائن)پنجاب میں منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پنجاب پولیس اور اے این ایف کے جوائنٹ آپریشنزپر اتفاق ہو گیا ہے۔آئی جی   پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے قلع قمع اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ کرنے کیلئے پنجاب پولیس صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ موثر انفارمیشن شئیرنگ کے علاو ہ انٹیلی جنس بیسڈ جوائنٹ آپریشنزکئےجائیں گے  تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑی اور چھوٹی مچھلیوں کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سے سخت سزائیں دلوائی جاسکیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بالخصوص تعلیمی اداروں اور سٹوڈنٹ ہاسٹلز کے ارد گرد علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات فروشی کی طرف راغب کرنے اور سپلائی دینے والے معاشرتی ناسوروں کے محاسبے کا عمل مزید تیز کیا جائے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے تعاون سے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منشیات کی آئی ڈنٹییفیکیشن کے حوالے سے پولیس اہلکاروں کیلئے خصوصی ٹریننگ سیشنز منعقد کئے جائیں تاکہ پولیس اہلکار مختلف اقسام کے نشہ آور مواد کو باآسانی شناخت کرکے ان کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹر برگیڈئیر خالدکی قیادت میں دو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے کیا۔ وفد میں کرنل شفیق بھی موجود تھے اورملاقات میں ایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید اور اے آئی جی آپریشنز عمران کشور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشنز سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف برگیڈئیر خالد نے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف پولیس اور اے این ایف کامشترکہ کریک ڈاؤن منشیات کے نیٹ ورک کو توڑنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا جبکہ سنتھیٹک نشہ آور اشیا ء کے بڑھتے فیشن پر قابو پانے اورڈرگ آئی ڈنٹیفکیشن کے حوالے سے اے این ایف کے ماہرین پولیس اہلکاروں کوخصوصی ٹریننگ دیں گی تاکہ نوجوان نسل کے زیر استعمال مختلف انواع کے نشہ آور مواد اور اشیاء استعمال اور فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاسکے۔ دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے بتایا کہ رواں برس صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف اب تک تقریبا26ہزار مقدمات درج کئے جاچکے ہیں جن میں 456مقدمات تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے ارد گرد منشیات فروشی میں ملوث گینگز کے خلاف درج کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیمیں اے این ایف کے ساتھ اپنی کوارڈی نیشن کو مزید موثر بنائیں جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں ”ڈرگ کنٹرول یونٹ“ کی قیام کے حوالے سے تفصیلی سمری بھی تیار کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور اے این ایف کی مشترکہ ٹیمیں جس علاقے سے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑیں گی وہاں سر کل افسران اور ایس ایچ اوزبھی جواب دہ ہونگے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف موثر کوارڈی نیشن اور حکمت عملی کے تحت آپریشنزکئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف جہاد میں کمیونٹی اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اس لعنت کو فورسز اور عوام مل کر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...