سید افتخار الحسن شاہ کی خدمات

سید افتخار الحسن شاہ کی خدمات

  

مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جس کی صدارت میاں شہباز شریف نے کی،  سیالکوٹ سے رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن شاہ مرحوم کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شاہ صاحب مسلم لیگ(ن) کے ایک مضبوط ستون تھے، آلو مہار شریف کی درگاہ سے تعلق کی وجہ سے بھی اُنہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ ظاہرے شاہ کے لقب سے معروف تھے۔ ان کے والد صاحبزادہ فیض الحسن مرحوم برصغیر کے نامور خطیب تھے۔ سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے ساتھ مل کر انہوں نے اپنی خطابت کے جوہر دکھائے اور نام پیدا کیا۔ پاکستان بننے کے بعد بھی وہ طویل عرصہ تک اپنی مسحور کن تقاریر کے ذریعے ماحول کو معطر کرتے رہے۔ انہوں نے1984ء میں عارضہ قلب کی وجہ سے وفات پائی۔ سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ انتخابی سیاست میں ابھرے، اور مسلسل کئی بار پہلے پنجاب اور پھر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے۔شگفتہ اندازِ بیان ان کا خاصہ تھا۔ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے، اور گزشتہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ75 سے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے حریف کو بھاری مارجن سے شکست دی۔ لاہور کے ایک ہسپتال میں ان کے دِل کا اپریشن ہوا تھا، جس کے بعد ان پر فالج کا حملہ ہو گیا۔ چند روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے،اور اہل ِ سیاست کو ان ہی کی طرح اپنے نظریات سے جڑے رہنے کی توفیق دے۔

مزید :

رائے -اداریہ -