جی سی یو میں انڈر گریجوایٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے نئی پالیسی منظور
لاہور(لیڈی رپورٹر)جی سی یونیورسٹی لاہور کی اکیڈمک قونصل کا اجلاس،انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے کے لئے نئی پالیسی منظور۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے اجلاس کی صدارت کی،جس میں پروفیسر ڈاکٹر خالد حمید اور فیکلٹی ڈینزسمیت کونسل کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے مطابق متعلقہ چیئرپرسن داخلہ کے عمل کا جائزہ لے گا اور میرٹ پر داخلے یقینی بنائے گا۔نئی پالیسی کے مطابق رواں سال مختلف ڈگری پروگرامز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ نہیں لیے جائینگے، کمپیوٹر سائنس اور انگریزی ادب سمیت بیشتر شعبہ جات میں داخلے اوپن میرٹ پر ہونگے۔بی اے (آنرز) پولیٹکل سائنس کے داخلے کے لئے بھی ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے بتایا کہ صرف فائن آرٹ اور فیزیکل ایجوکیشن کے شعبہ جات میں داخلہ ٹیسٹ/ ٹرائلز منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ پولیٹیکل سائنس اور سائیکالوجی مضامین میں داخلوں کے لئے امیدواروں کے آن لائن انٹرویوز لئے جائیں گے۔ کھیلوں اورغیر نصابی سرگرمیوں پر داخلے کیلئے ٹرائلز میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔نئی پالیسی کے مطابق متعلقہ چیئرپرسن داخلہ کے عمل کا جائزہ لے گا اور میرٹ کے نظام کو یقینی بنائے گا۔پروفیسر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال تمام یونیورسٹیز میں 15 سے 40 فیصد فیس میں اضافہ ہوا،جی سی یو اپنے طلباء پر اتنا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتاچنانچہ اکیڈمک قونصل نے سلف فنائنس پر چند سیٹوں پر داخلے کی پالیسی کو بحال کیا ہے،اضافی آمدنی سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کوسکالر شپ فراہم کیئے جائیں گے۔ مینجمنٹ سٹڈیز کے انڈر گریجوایٹ پروگرام کی تشکیل کے لیے بھی ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔اکیڈمک قونصل نے بین الاقوامی طلبا کو داخلے دینے کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔وائس چانسلر نے واضح کیا کہ انڈرگریجویٹ پروگراموں میں نئی داخلہ پالیسی سنڈیکیٹ کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔