کپاس کی فصل کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری
لاہور(سٹی رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کپاس کی بہتر نگہداشت کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی نے اپنی سفارشات جاری کی ہیں جس کے مطابق گرم اور خشک موسم کی وجہ سے اس سال سفید مکھی کا حملہ زیادہ مشاہدہ میں آیا ہے۔اس کے علاوہ بارشوں کے بعد چست تیلے اور تھرپس کا حملہ بھی بعض علاقوں میں مشاہدہ میں آیا ہے۔اس لئے کاشتکار حضرات اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔اگر کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کریں اور ترجیحاً IGR گروپ کی زہروں کا سپرے کریں اور پائرتھرائیڈ گروپ کے سپرے سے اجتناب کریں۔کاشتکار ایک ہی گروپ کی زہروں کا بار بار سپرے نہ کریں اور ترجیحاً سپرے صبح کے وقت9 بجے سے پہلے کریں۔کاشتکار ہائیڈرالک پاور سپرئیر اچھے معیاری ہالوکون نوزل کے ساتھ سپرے کریں۔
اور سپرے کے لئے120 تا140 لٹر صاف پانی کا استعمال کریں۔گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے 5 جنسی پھندے فی ایکڑ لگائیں اور ہر15دن بعد جنسی کیپسول کو تبدیل کریں۔کاشتکار یوریا کھاد کے زیادہ استعمال سے گریز کریں ورنہ پھل کا کیرا اور فصل کی زیادہ بڑھوتری کے مسائل کا سامنا کرنے کے علاوہ سفید مکھی کا حملہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔جہاں سفید مکھی کا حملہ زیادہ ہو رہا ہو تو کاشتکار یوریا کی بجائے متبادل نائٹروجنی کھاد یں مثلاًکیلشم امونیم نائٹریٹ(گورا کھاد) اور امونیم سلفیٹ ایک بوری فی ایکڑ ڈالیں۔پھول آنے پر پوٹاشیم نائٹریٹ 200 گرام،زنک سلفیٹ250 گرام،میگنشیم سلفیٹ 300 گرام،بورک ایسڈ300 گرام100 لٹر پانی میں حل کرکے فی ایکڑ سپرے کریں۔بارشوں کے بعد کپاس کے جن کھیتوں میں بڑھوتری زیادہ ہو رہی ہے اور فصل پھل کم اْٹھا رہی ہے وہاں میپی کواٹ کلورائیڈ بحساب125 ملی لٹر فی ایکڑ یا پوٹاشیم نائٹریٹ بحساب 500 گرام فی ایکڑ100 لیٹر پانی کے ساتھ سپرے کریں۔کاشتکار حضرات اْمور کاشتکاری کی انجام دہی سے قبل محکمہ موسمیات کی ریڈیو یا ٹیلی ویڑن سے نشر ہونے والی پیشن گوئی ضرور مدِ نظر رکھیں۔بارش کا پانی دو روز سے زیادہ کھیتوں میں کھڑا نہ رہنے دیں اور اس کی نکاسی کا انتظام کریں۔زیادہ بارش ہونے کی صورت میں کپاس کی فصل پر اجزائے صغیرہ یا 2 فیصد یوریا کے محلول کا سپرے کریں۔کپاس کی فصل کو پانی مناسب وقفہ سے لگائیں اور پھل پھول آنے پر پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں۔پانی ترجیحاً شام کے وقت لگائیں۔