پسماندہ علاقوں میں چار واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کردیئے،سی سی آئی
لاہور(پ ر)کوکا۔کولا بیوریجز پاکستان لمیٹڈ (سی آئی آئی پاکستان) نے کامیابی سے گجرانوالہ، فیصل آباد، لیہ اور بدین کے پسماندہ علاقوں میں چار نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کردی ہے۔ ورلڈ وائیڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے اشتراک سے قائم ان واٹر فلٹریشن پلانٹس میں ریورس اوسموسز اور الٹرا فلٹریشن جیسی صف اول کی آبی ٹریٹمنٹ کی حامل ٹیکنالوجیز کو استعمال کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے۔ ان چار نئے پلانٹس کے اضافے کے ساتھ اب ملک بھر میں سی سی آئی پاکستان کے نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ ہر پلانٹ انفرادی طور پر فی گھنٹہ 2 ہزار لیٹرز پانی فراہم کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ سی سی آئی پاکستان کا 'پانی 'پروجیکٹ یومیہ بنیادوں پر ایک ملین سے زیادہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کررہا ہے اور گندے پانی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں سے لوگ محفوظ ہورہے ہیں۔ گندے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں میں ٹائیفائیڈ، آنتوں میں کیڑے، ڈائریا، گیسٹرو شامل ہیں اور پاکستان میں یہ بیماریاں بہت عام اور تیزی سے پھیلتی ہیں۔ انٹرنیشنل یونین آن کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) کی رپورٹ کے مطابق خراب پانی سے ڈائریا کے باعث شیرخوار بچوں کی اموات کی شرح پاکستان میں 60 فیصد ہے جو ایشیاء میں سب سے بلند ترین ہے۔
سی سی آئی پاکستان کے جنرل منیجر احمد کرسد ارتن نے اس اہم پیش رفت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی قلت کے باعث پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی رسائی بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔ اپنے کاروباری سماجی ذمہ داری کے پروجیکٹ 'پانی 'کے ذریعے سی سی آئی پاکستان پسماندہ علاقوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی رسائی کی فراہمی کے لئے بدستور پرعزم ہے۔ یہ فلٹریشن پلانٹس نہ صرف مقامی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے بلکہ انہیں خراب پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھیں گے۔"
سی سی آئی پاکستان در اصل میں سی سی آئی کا ذیلی ادارہ ہے، یہ بنیادی طور پر ایک ملٹی نیشنل بیوریج کمپنی ہے جو ترکی، پاکستان، قازقستان، آذربائیجان، کرغزستان، ترکمانستان، اردن، عراق، شام اور تاجکستان میں کام کرتی ہے۔ کوکا۔کولا سسٹم میں سی سی آئی ایک اہم باٹلر کمپنی ہے جو دی کوکا۔کولا کمپنی کے بیوریجز تیار، فروخت اور تقسیم کرتی ہے۔