ملک میں کورونا مزید19زندگیاں نگل گیا، 903نئے کیس رپورٹ 

ملک میں کورونا مزید19زندگیاں نگل گیا، 903نئے کیس رپورٹ 

  

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6064 ہوگئی ہے جب کہ مزید 903نئے کیس سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 283253 تک جاپہنچی ہے۔اب تک پنجاب میں 2164، سندھ میں 2259 اور خیبر پختونخوا میں 1222 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 170، بلوچستان میں 137، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں 57 افراد کا انتقال ہوا ہے۔جمعہ کے روز ملک بھر سے کورونا کے مزید 903 کیسز اور 19 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں سندھ سے 487 کیس اور 9 اموات، پنجاب سے 193 کیس 2 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 107 کیسز اور 3 ہلاکتیں، اسلام آباد 41 کیس 3 ہلاکتیں، گلگت 53 کیس، بلوچستان 14 کیس اور آزاد کشمیر سے 8 کیس اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 94040 اور ہلاکتیں 2164ہو گئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا کے 86086 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 15182 ہوگئی ہے جبکہ اب تک کورونا سے 170 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ بدستور موجود ہے، ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عدم عملدرآمد سے کورونا دوبارہ پھیل سکتا ہے، قوم محرم الحرام میں گائیڈ لائنز پر عمل کے جذبے کو برقرار رکھے۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکااجلاس ہوا، جس میں وزیرداخلہ اعجازشاہ، معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے شرکت کی جبکہ صوبائی نمائندوں کی بذریعہ ویڈیولنک جلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اورمستقبل کی حکمت عملی اور مختلف شعبوں کی بحالی،یوم آزادی و محرم کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ یوم آزادی، محرم الحرام سے متعلق جامع ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا ہے، سماجی فاصلہ، ماسک استعمال سے متعلق تفصیلات ضابطہ اخلاق کا حصہ ہیں، کپڑے کے ماسک کے استعمال سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ ممکن ہے۔

کورونا 

مزید :

صفحہ اول -