مریم نوازکو نیب طلبی کا نوٹس، سوالنامہ ارسال،نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا قانونی مشاورت کا فیصلہ
لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی نیب طلبی کا نوٹس جاتی عمرہ ار سا ل کر دیا گیا۔ نیب کی جانب سے مریم نواز کو سوالنامہ بھی بھجوا دیا گیا۔ نیب کی جانب سے سوالنامہ بھجوایا گیا کہ جاتی عمرہ زمین کی خریداری اور خریداری کا طریقہ کیا تھا؟ تفصیلات فراہم کی جائیں، جاتی عمرہ 1440 کینال زمین کی خریداری کے پیسوں کے ذرائع کیا تھے؟ جاتی عمرہ کی زمین سے متعلق ٹیکسز ادا کیا گیا؟ کیا زمین خریداری کے بعد فروخت بھی کی؟ جو زمین خریدی گئی کیا وہ زرعی یا کمرشل استعمال میں رہی۔ نیب نے مریم نواز کو11اگست کو پیشی کے موقع پر1440کنال اراضی کی دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کو اراضی سے متعلق تمام تفصیلات جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔ نیب نے ہدایت کی ہے کہ اراضی کی خریداری پر کتنا ٹیکس اور کتنی ڈیوٹی ادا کی اس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔نیب نے مریم نواز سے یہ تفصیلات بھی طلب کی ہیں کہ حاصل کی گئی زمین کس مقصد کیلئے استعمال کی جارہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ مریم نواز سے دوران تفتیش ان سے آمدن کے ذرائع اور زمین کی تفصیلات کے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔مریم نواز چوہدری شوگرملز کا بھی کیس ہے جس میں وہ ضمانت پر رہا ہیں۔ دوسری طرف نیب کی جانب سے پراپرٹی الاٹمنٹ کیس میں مریم نواز نے 11 اگست کو طلبی پر کیس کی تفصیلات ملنے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق کیس کی تفصیلات ملیں گی تو قانونی ماہرین سے مشاورت کر کے فیصلہ کریں گے۔
مریم نواز