کراچی میں بارش، کرنٹ لگنے سے بچے سمیت 5افراد جاں بحق ہو گئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ صوبائی وزیر توانائی نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور میوہ شاہ قبرستان میں کرنٹ سے دو افراد، سٹی کورٹ اور سول ہسپتال مین روڈ پر کرنٹ لگنے سے دو افراد جبکہ حب چوکی جام کالونی میں کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔کرنٹ لگنے کے واقعات پر صوبائی وزیر توانائی نے نو ٹس لیتے ہوئے حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کے سربراہان سے رابطہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔امتیاز شیخ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ذمہ داروں کا فوری تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے پیشکش کی کہ لواحقین اگر ایف آئی آر درج کرانا چاہیں تو سندھ حکومت معاونت کرے گی۔ سندھ کی عوام کو نااہل اداروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے چوتھے سپیل کا زور ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ رات گئے ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے جبکہ ہفتے کو شہر میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات بارش کا سسٹم شہر سے ختم ہو جائیگا۔ بارشوں کا سلسلہ جمعے کی دوپہر دو بجے سے جاری ہے۔
کراچی میں بارش