قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم شرکت پر ارکان کا احتجاج

 قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم شرکت پر ارکان کا احتجاج

  

 اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم شرکت پر ارکان نے شدید احتجاج کیا اورکہا کہ اگر وزیر داخلہ اجلاس میں نہیں آسکتے تو سیکرٹری داخلہ کو اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنانی چاہیے، کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف پراپرٹیز اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ بل 2020کی منظوری آئندہ اجلاس تک موخر کردی۔جمعہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں بل سے متعلق ارکان کے سوالات کا جواب دینے کیلئے وزارت داخلہ کاکوئی سینئر افسر موجود نہیں تھا۔ وزارت قانون کا نمائندہ بھی اجلاس میں نہیں آیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بل کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیاتو ارکان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بل سے متعلق بریفنگ نہیں ملے گی تب تک اسے منظور نہیں کرسکتے۔ چیئرمین کمیٹی نے ارکان کی تجویز پر اجلاس آئندہ پیر تک ملتوی کردیا۔

قائمہ کمیٹی داخلہ

مزید :

صفحہ آخر -