فٹیف کی گرے لسٹ سے نکلنا بڑی مشق، اپوزیشن کا کام ہی مخالفت کرنا ہے: حفیظ شیخ 

  فٹیف کی گرے لسٹ سے نکلنا بڑی مشق، اپوزیشن کا کام ہی مخالفت کرنا ہے: حفیظ ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا بڑی مشق ہے، معاملہ کسی ایک حکومت کا نہیں ملک کا ہے،ملکی اکنامی کے کچھ مستقل مسائل ہیں،ترقی پذیر ممالک کے کچھ مسائل مستقل ہوتے ہیں، ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کر لی جائے گی۔جمیل احمد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ پہلی مرتبہ شریک ہوئے۔کمیٹی اجلاس میں لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ بل میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ا ی سی پی حکام نے کہاکہ بل کے سیکشن 8A میں ترامیم سے بینیفشل آنر کا نام، ملکیت ظاہر کرنا لازمی ہو گا، جو ٹرانزیکشنز ہوں کی اسکا سیکنڈ بینیفشل آنر کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنر شپ کے تحت ٹرانزکشنز کا تمام ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا۔ بینیفشل آنر کا نام، ملکیت ظاہر نہ کرنے پر جرمانہ، پینلٹی عائد کی جائے گی۔عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ کیا فیٹف کا نزلہ پاکستان پر ہی گِر رہا ہے۔ فیٹف جو کسی دوسرے ملک سے نہیں کرا رہا وہ پاکستان سے کروا رہا ہے۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہاکہ پاکستان فیٹف کی 27میں سے 14 پر عملدرآمد کر چکا ہے۔باقی13 سفارشات پر عملدرآمد کیلئے بلز میں ترامیم ضروری ہیں۔ کمیٹی اجلاس میں اینٹی منی لانڈرنگ بل میں ترامیم کابھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی ایف ایم یو نے کہاکہ 20 لاکھ روپے سے زائد کی جیولری خریدنے پر شناختی کارڈ کاپی فراہم کرنا ہو گی۔ خریدار کی معلومات فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو فراہم کی جائے گی۔ سید نوید قمر نے کہاکہ کیا سونے کا نیک لیس یا بریسلٹ بیس لاکھ روپے میں ملتا ہے۔چیئر مین کمیٹی نے کہاکہ جیولری کی خریداری کیلئے بیس لاکھ بڑی رقم ہے۔نوید قمر نے کہاکہ جمیل احمد آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بیگم کیلئے یہ ترمیم کی جائے، جیولری کی خریداری کیلئے اتنی رقم رکھی جائے کہ کاروبار متاثر نہ ہو، اتنی کم رقم کا تعین کرنے سے کاروبار رک جائیں گے۔ کیا بندوق رکھ کر یہ بل منظور کرائے جائیں گی ایسا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھنے کو ملا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا قومی ایشو ہے، ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کر لی جائے گی۔ اپوزیشن کا مطلب ہی مخالفت ہوتا ہے۔

حفیظ شیخ

مزید :

صفحہ آخر -