تاجر اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں،میاں زاہد حسین

 تاجر اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں،میاں زاہد حسین

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے برآمدات میں کچھ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مگر سرمایہ کاروں اور صارفین کا اعتماد ابھی بحال نہیں ہوا ہے جس کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ابھی تک بہت سے کاروبار سپلائی چین میں بار بار خلل واقع ہونے سے پریشان ہیں، طلب میں کمی اور دیگر عوامل کی وجہ سے انکی پیداوار اور آمدنی کم ہو چکی ہے جبکہ عوام اور تاجر آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی سے پریشان ہیں اور انکی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ وائرس سے پیدا ہونے والی بے یقینی کو سیاسی عدم استحکام مزید بڑھا رہا ہے اور ایسے حالات میں سرمایہ کاروں اور عوام کے اعتماد کی بحالی ایک چیلنج ہو گا کیونکہ اسکی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے۔متعدد اہم ممالک کی تجارتی پالیسیوں میں مسلسل تبدیلی، تحفظ پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع میں کمی اور دیگر عوامل نے بھی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پریشان کر رکھا ہے۔2019 میں مختلف ممالک میں ڈیڑھ کھرب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی جبکہ وائرس کے بعد اس میں چالیس فیصد تک کی زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جو پہلے ہی پیداوار، برآمدات اور ترسیلات میں کمی کا مقابلہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -