بارشوں میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، قاسم نوید قمر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈو محمد خان میں مون سون / بارش کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کی۔ اس موقع پر ایم پی اے سید اعزاز حسین شاہ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی، ایس ایس پی عابد علی بلوچ، میونسپل کمیٹی ٹنڈو محمد خان سید شاہنواز شاہ بخاری، پاکستان پیپلز پارٹی ٹنڈو محمد خان کے جنرل سکریٹری خرم کریم سومرو، صحت، آبپاشی، نکاسی آب اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے سونپری نالے کا بھی دورہ کیا اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور ہم سب کو صورتحال کو سنبھالنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ لوگوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو شدید بارشوں کی تباہی سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر کو بریفنگ دی کہ صورتحال کو نمٹنے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں اور ان کے دفتر میں ایک ہنگامی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور اس سے متعلقہ تمام محکموں میں مکمل رابط ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے مقامی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔