بلوچ لوک فنکار واسو بے روزگاری کے باعث مشکلات کا شکار
لاہور(فلم رپورٹر)گلوکار شہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اْلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچ لوک فنکار واسو بے روزگاری اور علالت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ طویل العمری، غربت اور باقاعدہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے واسو خان بیماری کا شکار بن کر گھر تک محدود ہوگئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔بلوچستان کے پسماندہ علاقے جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے واسو خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب بلوچستان حکومت کے ترجمان نے فنکار کی مدد کرنے سے متعلق ایک ٹوئٹ کی۔لیاقت شاہوانی نے اپنی ٹوئٹ میں واسو اور شہزاد رائے کی پرانی تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے واسو خان کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پیغام دیا ہے۔اور جلد ان کا علاج کروایا جائے گا۔