ڈیرہ میں آج 1لاکھ پودے لگائے جائینگے، نورعالم محسود
پشاور(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود نے کہا ہے کہ 9اگست کو "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے"کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں مذکورہ شجرکاری مہم کے حوالے سے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز سمیت محکمہ تعلیم، ڈیرہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر فارسٹ ڈویژن ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے"کے سلسلے میں 20ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جسے بڑھا کر ایک لاکھ کر دیا گیا ہے۔ اس مہم میں مختلف سرکاری محکمے بھی حصہ لے رہے ہیں جنکو محکمہ جنگلات کی جانب سے مفت پودے فراہم کیے جائیں گے جبکہ شہری علاقوں میں پھلدار اور خوبصورتی والے پودوں کو ترجیح دی جائیگی۔ ڈیرہ اسماعیل خان فارسٹ ڈویژن کی جانب سے 70ہزار پودے لگائے جائیں گے، اسی طرح ڈیرہ ڈویلمپنٹ اتھارٹی کی جانب سے 5ہزار، ٹی ایم اے کی جانب سے 5ہزار، محکمہ پولیس کی جانب سے 5ہزار،محکمہ تعلیم کی جانب سے 4ہزار جبکہ پاک آرمی کی جانب سے 10ہزار پودے لگائے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود نے کہا کہ جس محکمے کی جانب سے بھی پودے لگائے جائیں ان کی تصاویر اورکوارڈینیٹس ضلعی انتظامیہ سے شیئر کیے جائیں جن کی تصدیق اور نگرانی کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مہم میں ٹائیگر فورس کے رضاکار بھی کافی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں جو کہ محکمہ جنگلات کی سرپرستی میں مختلف مقامات پر پودے لگائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رواں شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ جہاں ایک طرف درختوں کے بیش بہا فوائد ہیں وہی موجودہ حالات میں گلوبل وارمنگ جو کہ عالمی سطح کا چیلنج بن چکا ہے سے نبر آزما ہونے کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ ہم نے اپنے ملک کو سرسبز و شاداب بنانا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔