ملاکنڈ میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائی شروع

ملاکنڈ میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائی شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر / کمانڈ نٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے ضلع میں گران فروشی اور مہنگائی کے خلاف سخت اقدامات شروع کئے ہیں او ر کہا ہے کہ ضلع بھر میں ناجائز منافع خوروں،گران فروشوں،ذخیرہ اندوزوں،ملاوٹ اور مصنوعی مہنگائی پیدا کر نے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جارہاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں تما م ضلعی و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے تمام بازاروں کی چیکنگ کیا کریں اور گران فروشی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں اور تاجر وں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں جبکہ عوام کو حکومت کی مقررکردہ نرخ پر آٹا،چینی اور دیگر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کویقینی بنائیں۔انہوں نے ملاکنڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس کے سلسلے میں عوام کے مسائل و مشکلات کو بروقت حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔اس موقع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد بھی موجود تھے۔صحافی کے ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہنگائی کو کنڑول کرنے اور آٹے،چینی کی حکومت کے نرخ کے مطابق وافر مقدار میں فراہم کرنے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنراور ڈسٹرکٹ فوڈ کنڑولر کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر سبزی،فروٹ منڈیوں اور بٹ خیلہ،سخاکوٹ،درگئی اور دیگر بازاروں کا معائنہ کرے اور انتظامیہ ناجائز منافع خوروں کے ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر رہی ہے۔انہوں نے امن وامان کی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ ضلع بھر میں پائیدار امن وامان قائم ہے اور امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کے لیے تمام لیویز فورس کے جوانوں کو الرٹ کر دیا گیاہے۔اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے اور ملاکنڈ کو ہر قسم کی منشیات سے پاک صاف ضلع بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں منشیات فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن زور وشور سے جاری ہے لیکن عوام بھی اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ ملاکنڈ سے ہرقسم کے منشیات کاخاتمہ کر دیا جائے۔