کوہاٹ،محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ

کوہاٹ،محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے آنے والے ماہ محرم کے دوران ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے دفعہ144 ضابطہ فوجداری کے تحت مندرجہ ذیل سرگرمیوں پر فوری طورپر عرصہ تیس دن کیلئے پابندی عائد کی ہے۔ وال چاکنگ، ڈبل سواری(جس کا اطلاق محرم الحرام کی ڈیوٹی پرمامور سرکاری اہلکاروں پر نہیں ہوگا)۔ جذبات کو مجروح کرنے والی اوراشتعال انگیز تقریریں اورنعرے، کسی ناپاک مقصد کیلئے پانچ یاپانچ سے زائد افراد جمع ہونے،ہرقسم کی ہتھیاروں کی نمائش،اذان اورمحرم کی ماتمی جلوسوں کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال،قابل اعتراض مواد کی تقسیم، گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال،ہوائی فائرنگ، چھوٹے کنٹینرز،بوتلوں اورگیلنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت، پٹاخوں کی خرید وفروخت،محرم کی جلوسوں کے راستوں اورامام بار گاہوں کے اردگرد عمارات اورگھروں کی چھتوں پرکھڑے ہونے،محرم کی جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے قریب ہوٹلوں اورسرائیوں میں اجنبی مسافروں کے قیام،سڑکوں کے کنارے تعمیراتی مواد رکھنے اورپولیس کے زیراستعمال وارننگ لائٹس کی تنصیب پر پاپندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح تحصیل کوہاٹ میں اسلحہ ڈیلرز کی دکانیں اوراسلحہ بنانے والے کارخانے بھی بند رہیں گے اور ان کے کھولنے پرپابندی ہوگی۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کاروائی کی جاسکے گی۔