" میں رولز کے لیے ہیروز کے ساتھ تعلقات نہیں بناتی اور مجھے مغرور اس لیے سمجھا جاتا ہے کیونکہ ۔ ۔ ۔" روینہ ٹنڈن کھل کر بول پڑیں
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ روینا ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلموں میں رول کے لیے کبھی بھی ساتھی اداکاروں کی خواہشات پوری نہیں کیں، میرے گاڈ فادرز نہیں، میں کیمپس کا حصہ نہیں تھی اور ہیروز مجھے پروموٹ نہیں کرتے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ میں رولز کے لیے ہیروز کے ساتھ تعلقات نہیں بناتی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ اکثر معاملات میں مجھے مغرور سمجھا جاتا کیونکہ میں وہ نہیں کرتی تھی جو ہیروز چاہتے تھے کہ اس وقت ہنسوں جب وہ چاہیں، بیٹھوں جب وہ مجھے بیٹھنے کے لیے کہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق 1990 کی مقبول ترین بولی وڈ ہیروئنز میں شمار ہونے والی روینا ٹنڈن بھارتی فلم انڈسٹری سے متعلق مختلف بیانات دیتی رہتی ہیں اور اب انہوں نے کہا ہے کہ میں نے 90 کی دہائی کے بولی وڈ کے اصولوں پر چلنے سے انکار کیا تھا اس لیے لوگ سمجھتے ہیں کہ میں مغرور ہوں۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں روینا ٹنڈن نے کہا کہ ان کے کیریئر کے عروج پر ان سے متعلق نازیبا آرٹیکلز لکھے گئے کیونکہ انہوں نے ساتھی ادکاروں کی خواہشات کو پورا نہیں کیا تھا۔
بولی وڈ اداکارہ نے شکوہ کیا کہ وہ خاتون صحافیوں سے مایوس ہوئیں جو ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئیں جو بنیادی طور پر مشہور مرد اداکاروں کی کٹھ پتلی تھیں۔
روینا ٹنڈن نے کہا کہ ان سے متعلق اکثر غیر مہذب آرٹیکلز لکھے جاتے تھے کیونکہ کسی کی انا کو چوٹ پہنچی تھی، الزام لگایا کہ اس وقت سازشی ٹولے ہوتے تھے جن میں ہیروز ان کی گرل فرینڈز اور ان کے صحافی چمچے شامل ہوتے تھے۔بولی وڈ اداکارہ نے کہا کہ مجھے حیران کرنے والی بات یہ تھی کہ اکثر خواتین صحافی دوسری خاتون کے ساتھ بھی ایسا کرتی تھیں، اب جب وہ کھڑی ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہم فیمنسٹ اور الٹرا فیمنسٹ کالمز لکھ رہی ہیں لیکن میں نے کبھی ان پر تنقید نہیں کی۔
یاد رہے کہ روینا ٹنڈن نے گزشتہ برس تنوشری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد بولی وڈ میں ‘اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق ایک ٹوئٹ کیا تھا اور اپنے بلاگ پر ایک لمبی چوڑی تحریر بھی پوسٹ کی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا تھا'۔اس تحریر میں روینا ٹنڈن نے نہ صرف اس طرح کے ہراساں کیے جانے کی تفصیلات کو بیان کیا تھا بلکہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ کس طرح فلم انڈسٹری میں طاقتور اور بااثر مرد نئی اداکاراؤں اور خواتین کو اپنے قابو میں رکھ کر ان کا فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔