گزشتہ 8 ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کانوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیپرا نے گزشتہ 8 ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوںمیں ردوبدل کانوٹیفکیشن جاری کردیا،بجلی کی قیمتوں میں 5 ماہ کیلئے اضافہ جبکہ 3 ماہ کیلئے کمی کردی گئی ،بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا کی جانب سے کہاہے کہ جنوری ،فروری اورمارچ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 42پیسے فی یونٹ اضافہ کیاگیاہے جبکہ مئی کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی اور اضافے کااطلاق رواں ماہ بلوں پر ہوگا۔
نیپرا نے کہاہے کہ نومبر اوردسمبر 2019 کیلئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ اضافہ جبکہ اپریل اورجون 2020 کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 76 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے ،نومبراوردسمبر2019م اپریل اورجون 2020 کیلئے بجلی کی قیمتوں کااطلاق آئندہ ماہ بلوں پر ہوگا۔
نیپرا نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کااطلاق لائف لائن صارفین کے علاوہ سب پر ہوگا،300 یونٹ والے صارفین بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ریلیف سے محروم رہیں گے ۔
نیپرا کی جانب سے مزید کہاگیا ہے کہ نومبر2019 کیلئے 98 پیسے اور دسمبر کیلئے ایک روپے 87 پیسے ،جنوری 2020 کیلئے ایک روپے 11 پیسے اور فروری کیلئے ایک روپے 20 پیسے ،مارچ 2020 کیلئے 10 پیسے فی یونٹ اضافہ کیاگیاہے جبکہ اپریل کیلئے 70 پیسے اور مئی کیلئے ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے اس کے علاوہ جون کیلئے ایک روپے 5 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ۔