پاکستان میں ہوشربا فیسیں لیکن متحدہ عرب امارات میں نجی سکولوں نے فیسوں میں کتنی کمی کردی؟ جان کر یقین نہ آئے
ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات کے نجی سکولوں کی جانب سے طلبہ کیلئے فیسوں میں 30 سے 50 فیصد تک کمی کردی گئی ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی رجسٹریشن میں کمی آئی ہے، بہت سے والدین اپنے بچوں کو نرسری کلاس میں داخل کرانے سے خوفزدہ ہیں۔ علاوہ ازیں کورونا کی وجہ سے خراب معاشی صورتحال کے باعث والدین اپنے بچوں کو ان سکولوں میں داخل کرارہے ہیں جن کی فیسیں کم ہیں۔
انہی وجوہات کو دیکھتے ہوئے ابو ظہبی کے نجی سکولوں کی جانب سے فیسوں میں کمی کی گئی ہے۔ سکولوں نے مختلف ترغیبات پر مبنی اشتہارات دینا شروع کردیے ہیں اور کہا ہے کہ طلبہ کو رجسٹریشن فیس معاف، سکول فیس میں 30 فیصد کمی کی سہولت دی جائے گی ، اس کے علاوہ اگر ایک ہی سکول میں ایک ہی خاندان کے بچے زیر تعلیم ہوں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی، جو طلبہ آن لائن تعلیم حاصل کریں گے انہیں فیس میں 50 فیصد تک کمی کی سہولت دی جائے گی۔