ٹک ٹاک نے پاکستان سے اشتہارات لینا بند کردئیے، لیکن کیوں؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹک ٹاک نے پاکستان سے اشتہارات لینا بند کر دیئے ہیں اور جو افراد یا کمپنیاں ٹک ٹاک پر اشتہارات دینا چاہتے ہیں اور برانڈڈ ہیش ٹیگز کو سپانسر کرنا چاہتے ہیں، وہ کم از کم ایک مہینے تک ایسا نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان ٹوڈے کے مطابق اس کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ پاکستان میں ’اِ ن موبی‘ (InMobi)ٹک ٹاک کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ کا سیلز پارٹنر تھا جس کے ساتھ اب کمپنی نے پارٹنرشپ ختم کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بائٹ ڈانس کی طرف سے اِن موبی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ٹک ٹاک کے لیے تمام تر سیلز سرگرمیاں فوری طور پر روک دے۔جب تک کمپنی کی طرف سے نیا سیلز پارٹنر متعین نہیں کیا جاتا تب تک پاکستان سے اشتہارات دینے کے خواہش مند ٹک ٹاک پر اشتہارات نہیں دے سکیں گے۔ بائٹ ڈانس کے ذرائع نے پاکستان ٹوڈے کو بتایا ہے کہ ”کمپنی پاکستان میں کسی مقامی ’ری سیلر‘ کی تلاش میں ہے۔ جس طرح فیس بک نے مئی 2020ءمیں اپنا سیلز پارٹنر پروگرام ’ڈائیل زیرو‘ کے حوالے کیا، اسی طرح بائٹ ڈانس کسی مقامی کمپنی کو سیلز پارٹنر بنانا چاہتی ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ”اِن موبی دراصل بھارت کی ’گلوبل موبائل ایڈورٹائزنگ ٹیکنالوجی کمپنی‘ ہے جو عالمی سطح پر ہزاروں ایپلی کیشنز کے ساتھ کام کرتی ہے اور انہیں اشتہارات دلواتی ہے۔