اداکارہ نیلم منیر کو کس طرح کے جیون ساتھی کی تلاش ہے؟ خود ہی بتادیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ نیلم منیر کا آئیڈیل شریک حیات کیسا ہو گا؟ بالآخر اداکارہ نے اس حوالے سے اپنی پسند بتا دی۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق نیلم منیر سے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں ان کے آئیڈیل شریک حیات کے متعلق سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”ایسا آدمی جس کا زندگی میں تجربہ ہو اور وہ آپ کو اچھے مشورے دے سکتا ہو۔ میرے لیے ظاہری شکل و صورت زیادہ اہمیت نہیں رکھتی۔“
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ”میرے متوقع شوہر کو خاندانی روایات اور اقدار کا پاسدار ہونا چاہیے اور وہ اپنی فیملی، بالخصوص اپنی ماں کو اہمیت دیتا ہو۔میں لوگوں کی باڈی لینگوئج کو بہت زیادہ مشاہدہ کرتی ہوں کیونکہ اسی سے ہم کسی بھی شخص کی شائستگی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ انسان کی باڈی لینگوئج اس کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔“
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ ”میں شادی سے پہلے ’ڈیٹس‘ پر یقین نہیں رکھتی۔ میں شادی کے بعد محبت میں مبتلا ہونے پر یقین رکھتی ہوں۔ میں کیوں کسی شخص کے لیے تیار ہونے میں خود کو ہلکان کروں جس کے ساتھ میری شادی ہی نہیں ہوئی۔ تاہم اگر مجھے کبھی ڈیٹ پر جانا ہی پڑا، تو میں کینڈل لائٹ ڈنر پر جانے کو ترجیح دوں گی۔ “