بھارت میں نابالغ لڑکی کا قتل، پولیس نے چتا کی آگ بجھا کر آدھی جلی لاش نکال لی اور پھر ۔۔۔
چندی گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست ہریانہ میں نابالغ لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا ، پولیس نے شمشان گھاٹ سے چِتا کی آگ بجھا کر لڑکی کی آدھی جلی ہوئی لاش نکال کر تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ علی الصبح شمشان گھاٹ میں ایک نابالغ لڑکی کی چتا کو جلایا جارہا ہے، پولیس اہلکاروں نے جب آکر دیکھا تو وہاں محلے دار یا علاقے کا کوئی شخص بھی موجود نہیں تھا جس پر اہلکاروں نے قریبی کنویں سے پانی لے کر آگ بجھا کر لڑکی کی آدھی جلی ہوئی لاش نکال لی۔
موقع پر موجود ڈاکٹر نے جلی ہوئی لاش کا معائنہ کرنے کے بعد قرار دیا کہ لڑکی کو قتل کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی لاش روہتک کے ہسپتال میں پوسٹ مارٹؐم کیلئے منتقل کردی گئی ہے۔
سپریٹنڈنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے مبینہ قتل کے معاملے میں اس کی ماں ، بھائی اور چچا زاد بھائی کو حراست میں لیا گیا ہے جنہوں نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کیا ہے۔ پولیس کے مطابق نابالغ لڑکی کسی لڑکے سے فون پر بات کیا کرتی تھی، گھر والوں نے اسے منع کیا لیکن وہ نہیں مانی جس پر اسے قتل کردیا گیا۔ واقعے کو چھپانے کیلئے صبح صبح اس کی چتا جلائی جارہی تھی لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کی یہ کوشش ناکام بنادی۔