مسجد میں گانے کی شوٹنگ، صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف حکومت حرکت میں آگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ کے واقعے پر صوبائی وزیر اوقاف اور محکمہ اوقاف کے سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی جامع تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ایسا واقعہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، مسجد مقدس ترین مقام ہے۔ کسی کو بھی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو بھی ذمہ دار ہوا،وہ قانون کے تحت سزا سے بچ نہیں پائے گا۔ مساجد کے تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔
خیال رہے کہ گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے مسجد وزیر خان میں اپنے نئے گانے "قبول" کی شوٹنگ کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا سامنا ہے۔ دونوں فنکاروں نے اس حوالے سے نہ صرف وضاحتی بیان جاری کیا ہے بلکہ معافی بھی مانگی ہے۔
بلال سعید اور صبا قمر کی جانب سے "قبول" گانے کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے مشترکہ بیان دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں ٹیزر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ " یہ وہ واحد حصہ ہے جو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا تھا۔ یہ میوزک ویڈیو کا تعارفی حصہ ہے جس میں نکاح کا منظر پیش کیا گیا ہے۔ اسے نہ تو کسی طرح کے پلے بیک میوزک کے ساتھ فلمایا گیا تھا اور نہ ہی یہ میوزک ٹریک کا حصہ ہے، فلم بندی کے وقت مسجد کی انتظامیہ بھی موجود تھی اور وہ گواہ ہیں کہ وہاں کسی قسم کی کوئی موسیقی نہیں چلائی گئی۔ مزید پوری ویڈیو 11 اگست کو سامنے آرہی ہے۔"