عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما عبیداللہ کاسی کے قاتل اپنے انجام کو پہنچ گئے
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما عبیداللہ کاسی کے اغوا کار اور قاتل سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد اے این پی کے رہنما عبیداللہ کاسی کے اغوا اور قتل میں ملوث تھے۔ پشین کے سرخاب کیمپ کے مکان میں پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں مکان میں چھپے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و دستی بم برآمد کر لئے گئے۔
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے مغوی رکن ملک عبید اللّٰہ کاسی کو دو روز قبل بلوچستان میں قتل کیا گیا تھا۔ اُنہیں رواں برس 26 جون کو کچلاک کے علاقے سے اغواء کیا گیا تھا۔