کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا،90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا،90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے ...
کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا،90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

  

 لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم نے  پاکستان کا نام روشن کر دیا ۔ ارشد ندیم نے جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیتا۔ پاکستان کے اس سپوت نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔جویلین تھرو کے فائنل میں  ارشد بھرپور ایکشن میں دکھائی دیئے۔

"جنگ " کے مطابق انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی جبکہ اس دوران بھی  86.81 کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے۔ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کردی۔ یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔چوتھی باری میں ارشد ندیم نے 85.09 میٹر کی تھرو کی لیکن پاکستانی ایتھلیٹ پھر بھی 88 میٹر کی تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہے۔ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی جس کے ساتھ وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ارشد ندیم کی 90.18 میٹر تھرو کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔

پاکستان نے 1966 کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ارشد ندیم سب سے بڑی تھرو کرنے والے دوسرے ایشین بن گئے ہیں۔ارشد ندیم کی کامیابی کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ارشد ندیم نے جویلین تھرو اور نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر پاکستان نے 2 سونے، 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کو جویلین تھرو میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -