20 سال سے عمران خان بیرونی فنڈنگ سے انتشار کی سیاست کررہے تھے،احسن اقبال
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 20 سال سے عمران خان بیرونی فنڈنگ سے انتشار کی سیاست کررہے تھے،دھرنوں کے ذریعے سی پیک،سرمایہ کاری کو روکنے کی کوشش کی جاتی رہی مگر فارن فنڈنگ کیس فیصلے نے عمران خان کی سیاست کا پردہ چاک کردیا ہے۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز "کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید شکر گڑھ کے نائیک مدثر کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سانحہ پر پوری قوم افسردہ ہے، ساںحہ پر مذموم سیاست کرنے والوں کی مذمت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشکل وقت سےنکال کردوبارہ ترقی کے راستے پرلائیں گے، معاشی اعشاریے بہتر ہیں،اگلے چندماہ میں مزیدبہتری آئے گی،انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کہا جارہا تھا ملک سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہوجائیں گے مگر آج کوئی نہیں کہہ رہا کہ پاکستان سری لنکا بن جائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں مردم شماری کا عمل شروع ہوچکا ہے جو فروری میں مکمل ہوگی،4ماہ میں حلقہ بندیاں ہوسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح ملک کی معیشت کو مستحکم کرنا ہے اگر فوری الیکشن میں گئے تو اگلے 4 ماہ ملک میں بے یقینی آجائے گی۔