طالبان کو بھتہ نہ دینے پر پی ٹی آئی رہنما ملک لیاقت کو نشانہ بنایا گیا، ایمل ولی خان کا انکشاف
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ طالبان کوبھتہ نہ دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک لیاقت خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز " کے مطابق ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ لیاقت خان کے قاتلانہ حملے پر پی ٹی آئی قیادت کی خاموشی معنی خیز ہے۔ایمل ولی نے مزید کہا کہ ایم پی اے ملک لیاقت کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں لیکن اس معاملے پر صوبائی حکومت کی خاموشی عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل لوئر دیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک لیاقت زخمی ہو گئے تھے جبکہ ان کے بھائی اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے تھے۔