9 محرم الحرام کے حوالے سے ملک بھر میں سیکیورٹی سخت، حساس مقامات سیل، اسلام آباد میں موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ

9 محرم الحرام کے حوالے سے ملک بھر میں سیکیورٹی سخت، حساس مقامات سیل، اسلام ...
9 محرم الحرام کے حوالے سے ملک بھر میں سیکیورٹی سخت، حساس مقامات سیل، اسلام آباد میں موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے موقع پر جلوس نکالےجا رہے ہیں ،جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز "کے مطابق کراچی ، لاہور  اور راولپنڈی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے حوالے سے  حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات  کیے گئے ہیں ، جس کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سےدوپہرایک بجےبرآمدہوگا، جلوس ایم اےجناح روڈ،صدر ایمپریس مارکیٹ،تبت سنٹرسےگزرےگا اور کھاردار میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر ختم ہو گا،روہڑی میں نو ڈھالہ تعزیہ کا 500 سالہ تاریخی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے،لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر ختم ہوگا۔

 اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناءعشری سےبرآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہواتاہواواپس یہیں ختم ہوگا۔پشاور کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے10بجے برآمد ہوگا،کوئٹہ میں مرکزی جلوس ڈیڑھ بجے میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔

سیکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیئے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے  آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے،جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوکر واپس اسی مقام پر ختم ہوگا،اُدھر پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال  سے برآمد ہوگا۔ کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔ 

علاوہ ازیں اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون سروس معطل کیے جانے سے متعلق تفصیل جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق 9اور 10 محرم الحرام کو جی سکس، جی سیون، جی ایٹ اور جی نائن کے علاقوں میں صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی جب کہ آئی ٹین اور گردو نواح کے علاقوں میں 9محرم کو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ 10 محرم کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہے گی۔11 محرم کو بری امام کے علاقوں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رکھے جائے گی۔

دریں اثنا وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے جلوسوں کی مناسبت سے متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نقشے بھی جاری کیے گئے ہیں۔

مزید :

قومی -