’’نوازشریف کا ای بائیو میٹرک ہوا تو آپ نے سب کا شروع کردیا‘‘ جسٹس ارباب طاہر اشتہاری ملزم کی درخواست سماعت کیلئے لگانے پر ڈائری برانچ پر برہم ہو گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر اشتہاری ملزم کی درخواست سماعت کیلئے لگانے پر ڈائری برانچ پر برہم ہو گئے، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ نوازشریف کا ای بائیو میٹرک ہوا تو آپ نے سب کا شروع کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اشتہاری ملزم کی درخواست سماعت کیلئے لگانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ ڈائری برانچ پر برہم ہو گئی،جسٹس ارباب محمد طاہر نے ڈائری برانچ کے نمائندہ کو طلب کرکے سرزنش کردی،اشتہاری ملزم اعظم خان نے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست دائر کی تھی،جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواستگزار کے اشتہاری ہونے کا علم ہوا،عدالت نے کہا کہ اگر کوئی لندن اور امریکا سے بائیو میٹرک کرائے گا تو درخواست منظور ہوگی؟
نمائندہ ڈائری برانچ نے جواب دیا کہ نوازشریف کا بھی ای بائیو میٹرک کیا گیا تھا،جسٹس ارباب محمدطاہر نے کہاکہ نوازشریف کا ہوا تو آپ نے سب کا شروع کردیا،عدالت نے استفسار کیا کہ دوسرے شہر سے بائیو میٹرک کرانے پر درخواست کرلی جاتی ہے؟