اگر عمران خان کے دور میں فوجی عدالتوں میں مقدمے چل سکتے ہیں تو اب کیوں نہیں ؟ خواجہ آصف کا بیان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں فوجی عدالتوں میں مقدمے چل سکتے ہیں تو اب کیوں نہیں چل سکتے؟
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بانی پی ٹی آئی پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کے سوال پر جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان 9 مئی کی بغاوت کے سرغنہ تھے، پلان اُن کا ہی بنایا ہوا تھا، ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ کیوں نہیں چل سکتا ؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہا بانی پی ٹی آئی کے اپنے دور میں لوگوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمے چلے ، سزائیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مشروط معافی کی پیش کش پر بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں، بانی پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہیے کہ 9 مئی کا واقعہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔اس سوال پر کہ کیا حکومت کا 9 مئی کا بیانہ پِٹ گیا؟ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آپ کو وقت بتائےگا کہ بیانہ نہیں پٹا۔