روزگار مہیا کرنے میں پیچھے لیکن کرپشن میں پاکستان آگے گیا: شہباز شریف
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ روزگار مہیا کرنے میں پاکستان بہت پیچھے ہے تاہم کرپشن میں آگے چلاگیاہے ۔ کوٹلی ستیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُن کاکہناتھاکہ دنیا کی طرف سے پاکستان کو کرپشن کا سرٹیفیکیٹ ملا ،روزانہ سات ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے ، صنعتی اور زرعی ترقی میں پاکستان سب سے پیچھے ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ اربوں روپے اگر کرپشن کی نظر نہ ہوتے تو غریب کا بچہ دواءکی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ مرتا، چاروں صوبوں کے وسائل کو لوٹاگیا،کرپشن کا طوفان نہ ہوتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پرپہنچ چکا ہوتا۔ شہباز شریف نے کہاکہ بل کلنٹن نے نواز شریف کو پانچ فون کیے لیکن نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دم لیا، آج قبلہ ہی امریکہ ہے ،ایک ہاتھ میں ایٹم بم اور دوسرے میں کشکول ہے۔