وزارتِ بین الصوبائی رابطہ میں آئی او سی کی فہرست کو مسترد کر دیا

وزارتِ بین الصوبائی رابطہ میں آئی او سی کی فہرست کو مسترد کر دیا

کراچی(آن لائن)پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں کھیلوں کی فیڈریشن کے حوالے سے فہرست کو مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی او سی نے فروری2012 میں پاکستان میں کھیلوں کی فیڈریشن کی پوزیشن کے بارے میں تمام عالمی فیڈریشنز سے رپورٹ حاصل کی ہے۔ آئی او سی نے یہ رپورٹ پاکستان میں کھیلوں کے حکام کو بھیج دی ہے اور ان کو ہدایت کی ہے کہ اس پر عمل کیا جائے تاہم حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ2012 اور رواں سال اکثر فیڈریشنز کے معاملات تبدیل ہوچکے ہیں، نئے عہدیدار منتخب ہوچکے ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز سے متعلق رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے سرکاری صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنوں کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس بی کا کہنا ہے کہ آئی او سی نے اپنے ذرائع سے زیادہ کالعدم پی او اے کی رپورٹ پر انحصار کرکےحتمی فہرست مرتب کی ہے۔دوسری جانب بین الصوبائی رابطے کی وزارت کا کہنا ہے کہ آئی او سی کی ہدایت پر قومی اسپورٹس پالیسی میں تبدیلی نہیں کر سکتے۔

 کیونکہ ایسا پارلیمانی قرارداد اور دونوں ایوانوں کی منظوری سے ہوسکتا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ قومی اسپورٹس پالیسی پر سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں اس کے خلاف کوئی بھی قدم سپریم کورٹ کی ہدایت اور احکامات کے منافی ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی