لیبیا عسکریت پسندی سے دوسرا صومالیہ بنتا جا رہا ہے‘ نائیجیریا

لیبیا عسکریت پسندی سے دوسرا صومالیہ بنتا جا رہا ہے‘ نائیجیریا

پیرس(آن لائن)افریقی ملک نائیجیریا کے صدر ایسوفو نے لیبیا کی موجودہ سکیورٹی صورت حال پرگہری تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی روز بروز بڑھتی وارداتوں کے باعث لیبیا دوسرا صومالیہ بنتا جا رہا ہے۔ عالمی برادری طربلس کودہشت گردی کا مرکز بننے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیجر کے صدر نے ان خیالات کا اظہار پیرس میں ہونے والی "فرانس۔ افریقہ" سربراہ کانفرنس کے دوران ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں کے باعث لیبیا ایک ناکام ریاست بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک روز قبل مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی اسکول ٹیچر کی مسلح حملے میں ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔نائیجرین صدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ لیبیا سلفی دہشت گردوں کے ہاتھ میں جا سکتا ہے جو ملک کو ایک نیا صومالیہ بنانا چاہتے ہیں۔ لیبیا میں سلفی شدت پسندوں کی کارروائیوں پرہمیں بہت دکھ ہے کیونکہ یہ لوگ روز مرہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل کر رہے ہیں۔ ہمیں اور عالمی برادری کو ہرقیمت پر لیبیا میں استحکام بحال کرنا ہے"۔

مزید : عالمی منظر