پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل مل بیٹھ کرحل کریں،امریکہ

پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل مل بیٹھ کرحل کریں،امریکہ

واشنگٹن(اے پی پی) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت اپنے تمام مسائل مل بیٹھ کرحل کریں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا نے کہا کہ دونوں ممالک کے مسائل کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیائی خطے میں امن کا ضامن ہے لہٰذا ضروری ہے کہ دونوں ممالک مل بیٹھ کر ان تمام مسائل کا حل تلاش کریں۔ امریکی دفتر خارجہ نے اسلام آباد اورنئی دہلی پر زور دیاکہ وہ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کریں۔ امریکی دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم بہت کلیئر ہیں کہ تمام مسائل کا حل دونوں ملکوں کے مل بیٹھنے میں ہی ہے کیونکہ اسی سے کشمیر کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔

 امریکی دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وہ جانتے ہیں کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت رکھتے ہیں ان میں کشیدگی پوری دنیا کے لیے نقصان دہ ہے ۔ لہٰذا ضروری ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنائیں اورتمام مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں ۔

مزید : عالمی منظر