تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبہ کی سٹڈی شروع 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبہ کی سٹڈی شروع 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی ...

         ہری پور (اے پی پی) تربیلا ٹیم کے پانچویں توسیعی منصوبہ کی سٹڈی کا کام شروع ہوگیا، پانچویں توسیع منصوبہ سے 1320 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، منصوبہ کی تعمیر پر تقریباً700 ملین ڈالر لاگت آئے گی، عالمی بینک منصوبہ کی تعمیر کےلئے فنڈ فراہم کرے گا، سرنگ 5 پر 440 ، 440 میگاواٹ کے تین یونٹ نصب کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیع منصوبہ ، جس سے 1410 میگاواٹ سستی بجلی حاصل ہوگی، کی تعمیر کا کام جاری ہے اور واپڈا کی طرف سے مقرر کی جانے والی کنسلٹنٹس نے سٹڈی کا کام شروع کردیا ہے۔ معاہدے کے مطابق کنسلٹنٹس کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ سٹڈی کا عمل سات ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے جس میں منصوبہ کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لیا جائے گا۔ منصوبہ کی ڈیزائن سازی کی جائے گی۔ پی سی ون اور ٹھیکہ کی دستاویزات تیار کی جائیں گی۔ سرنگ نمبر 5 جس سے پانی زرعی مقاصد کےلئے فراہم کیا جاتا ہے پر تین یونٹ نصب کئے جائیں گے۔ ہریونٹ کی پیداواری صلاحیت 440،440 میگاواٹ ہوگی۔ منصوبہ کی تعمیر پر تقریباً700 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ عالمی بینک نے اس منصوبہ کی تعمیر کےلئے بھی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے رضا مندی ظاہر کی ہے۔ ٹی 5 منصوبہ کا پہلا یونٹ 2018ءمیں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبہ سے 1410 میگاواٹ اور پانچویں منصوبہ سے 1320 میگاواٹ سستی بجلی حاصل ہوگی۔ دونوں منصوبوں کے مکمل ہونے سے تربیلا بجلی گھروں میں 2730 میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو جائے گا جس سے تربیلا بجلی گھروں کی پیداواری صلاحیت تین ہزار چار سو 78 میگاواٹ سے بڑھ کر 6208 میگاواٹ ہوجائے گی۔

مزید : کامرس


loading...