پی جی ایم آئی اعلیٰ تعلیمی معیار کا حامل ادارہ ہے، انجم حبیب وہرہ

پی جی ایم آئی اعلیٰ تعلیمی معیار کا حامل ادارہ ہے، انجم حبیب وہرہ

  

لاہور ( جنرل رپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اپنے اعلیٰ تعلیمی معیار اورماہر اساتذہ کی وجہ سے اندرون وبیرون ملک باوقار حیثیت کا حامل ہے پی جی ایم آئی وایل جی ایچ سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنے آغاز میں بھی شاندار تعلیمی نتائج دے کر یہ ثابت کردیاہے کہ پی جی ایم آئی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ کالج بھی مستقبل میں اچھے اور قابل ڈاکٹر پیدا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے امیر الدین میڈیکل کالج میں فرسٹ پروفیشنل ایم بی بی ایس کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات کے اعزاز میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں اول ‘ دوم اور سوم آنے والی طالبات عائشہ وحید ‘ عائشہ ریاض ‘ اور نورلعین شاہد کو نقد انعامات دئیے گئے اس موقع پر ادارے کے فیکلٹی ممبران ‘ صدر پی ایم اے لاہور ڈاکٹر تنویر انور‘ جنرل سیکرٹری میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر سکندر حیات گوندل‘ایڈیشنل ڈین ڈاکٹر بشریٰ سہیل‘ طلباءوطالبات اور ان کے والدین موجود تھے پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے2012میں امیر الدین میڈیکل کالج کی صورت میں شہریوں کو تحفہ دیا تھا بنیادی طورپر یہ کالج ایسے ہونہار بچوں اور بچیوں کیلئے قائم کیاگیا جو داخلوں سے محروم رہ جاتے تھے ا انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی وامیر الدین میڈیکل کالج میں ریسرچ کیلئے جدید لیبارٹری سمیت طلباءوطالبات کو طبی تعلیم کیلئے درکار تمام سہولیات میسر ہیں۔

 اور یہاں موجود ریسرچ لیب سے طلباءبیرون ملک ہونیوالی کسی بھی طبی پیشرفت سے بروقت آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔

 پرنسپل نے کہاکہ اس ادارے کے طلباءاس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ انہیں پی جی ایم آئی کی تجربہ کار اور محنتی فیکلٹی کی خدمات میسر ہیں۔ پوری توقع ہے کہ آئندہ سال ادارہ بہتر تعلیمی نتائج پیش کرے گا۔ پروفیسر انجم حبیب نے کہا امیر الدین میڈیکل کالج آنیوالے وقتوں میں پورے صوبے کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوگااور یہاں سے فارغ التحصیل طلباءوطالبات بھی طبی شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دینگے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -