پاک ایران گیس منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،ظہیر بھٹہ

پاک ایران گیس منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،ظہیر بھٹہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( وقائع نگار)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ گیس حکام کی جانب سے گیس ذخائر میں کمی اور مسقبل میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاک ایران گیس منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر مشکلات اوراربوں ڈالرجرمانہ کے خاتمہ کیلئے ایران کی جانب گیس منصوبہ کی ڈیڈ لائن ایک سال تک بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گیس پائپ لائن منصوبہ کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرے اور صنعتی اور ملکی ترقی کیلئے اس اہم منصوبہ کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے ۔ظہیر بھٹہ نے کہا کہ ملک میں صنعتی ضروریات کے ساتھ ساتھ گھریلو اور سی این جی گاڑیوں میں سوئی گیس کی طلب دن بدن بڑھتی جارہی ہے جبکہ سوئی گیس حکام کے مطابق اگر مزید گیس ذخائر دریافت نہیں ہوئے تو موجودہ ذخائرچند سال تک ختم ہوجائیں گے اور پاکستان میں گیس کا بحران شدید سے شدید تر ہوجائے گا ۔گیس بحران کا اندازہ اسی صورتحال سے لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت نے پچھلے دنوں چار ماہ تک صنعتی مقاصد اور سی این جی سٹیشنوں پر گیس بندش کے احکامات جاری کردیئے تھے ایسی صورتحال میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس سے مستقبل میں گیس کی ضروریات نہ صرف پوری ہونگی بلکہ انڈسٹری کو بھی مسلسل گیس کی سپلائی ممکن ہوسکے جس کے باعث حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن بھی پورا ہوگا اورملک میں بیرونی سرمایہ کاری بھی آئے گی جس سے حکومت مالی بحران سے بھی نکل جائے گی اور اس منصوبہ کی تکمیل سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونے سے ملک میں بے روزگاری جیسے مسئلہ پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔