عوامی تحریک کا وائٹ پیپر مضحکہ خیز ہے‘ بہتر ہوتا حقائق درست کر لئے جاتے،زعیم قادری

عوامی تحریک کا وائٹ پیپر مضحکہ خیز ہے‘ بہتر ہوتا حقائق درست کر لئے ...

 لاہور(پ ر) سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کی جانب سے جاری کردہ خودساختہ وائٹ پیپر انتہائی مضحکہ خیز ہے جس میں من پسند اعدادوشمار اور مفروضوں کی بنیاد پر کہانی گھڑی گئی ہے۔ بہتر ہوتا اگر عوامی تحریک اس وائٹ پیپر کو شائع کرنے سے پہلے اپنے حقائق درست کر لیتی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں جرائم کی شرح دیگر صوبوں کے مقابلے میں کہیں کم ہے اور پنجاب حکومت کی طرف سے جرائم کی روک تھام کے لئے جامع اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ماڈل تھانوں کا قیام صوبے میں لااینڈآرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے خصوصی فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کام اپنی مثال آپ ہیں کیونکہ میرٹ اور شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے ٹھوس بنیاد فراہم کر دی گئی ہے۔سیدزعیم حسین قادری نے سیف الدین کھوسہ ‘نیاز حسین جھکڑ اور شہاب الدین جھکڑ کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایسے لوگوں کو ساتھ ملا کر اپنی گرتی ہوئی ساکھ بحال نہیں کر سکتے۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے دراصل چلے ہوئے کارتوس ہیں جبکہ پارٹیاں بدلنا سیف کھوسہ کا مشغلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پارٹیاں بدلنے والوں کو اپنے گلے لگا رہے ہیں۔ عوام نے کھوسہ‘ جھکڑ اور سیہڑ کے تحریک انصاف میں شامل ہونے پر نئے پاکستان کا نقشہ دیکھ لیا ہے اور وہ کسی قیمت پر عمران خان کے ایجنڈے کی حمایت نہیں کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...