فیصل آباد میں انتشار پھیلانے والوں کےساتھ سختی سے نمٹیںگے ،رانا ثناء

فیصل آباد میں انتشار پھیلانے والوں کےساتھ سختی سے نمٹیںگے ،رانا ثناء

اسلام آباد ، فیصل آباد(اے این این) سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں تشدد کا راستہ اپنانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ،شرپھیلانے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملکی ترقی روکنا اور عدم استحکام پیدا کرنے کا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ لوگ جان چکے ہیں کہ عمران خان اپنے وزیراعظم بننے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ملک کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں۔سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کی 250 سے زائد تاجر تنظیموں اور دیگر تمام طبقات کی جانب سے شٹر ڈان کی کال کو بری طرح مسترد کئے جانے کے بعد عمران خان کے پاس فیصل آباد کو بند کرانے کی بڑھکیں مارنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت 8 دسمبر کو فیصل آباد کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ کسی بھی شخص نے تشدد کا راستہ اپنانے یا املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔

رانا ثناءانٹرویو

مزید : صفحہ آخر


loading...