فیصل آباد میں فائرنگ کرنے والوں کے خلاف خود ایف آئی آر کٹواﺅں گا: عمران خان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں فائرنگ کرنے والوں کے خلاف خود ایف آئی آر کٹواﺅں گا، گلوﺅں کے ذریعے ملک کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، مسلم لیگ ن کے گلوﺅں کو کوئی حق نہیں کہ ہمارے کارکنوں پر تشدد کریں، یہ ریاست ہے یا اس میں گلو بھرے ہیں؟ اگر کچھ غلط ہو رہا تھا تو پولیس کوروکنا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام صورتحال کا فیصل آباد پہنچ کر جائزہ لیں گے جس کے بعد وہ خود پولیس سٹیشن جا کر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ تحریک انصاف کے پرامن احتجاج میں ن لیگ کے گلوﺅں نے فساد پیدا کیا ہے، یہ ریاست ہے یا حکومت نے غنڈے بھرتی کر رکھے ہیں؟ پولیس کے سامنے گولیاں چلتی رہیں اور وہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصل آباد میں کاروبار بند کرنے کا نہیں بلکہ سڑکیں بند کرنے کا کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے یہ غنڈے اقتدار میں ہوں تو سامنے آتے ہیں اور پولیس ان کی حفاظت کرتی ہے۔ مشرف کے دور میں یہ غنڈے کہاں تھے، جب نواز شریف جلاوطنی کے بعد واپس پہنچے تب یہ غنڈے کہاں تھے؟ عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کے کہنے پر خیبر پختونخواہ کے راستے بند کر دیئے لیکن ہم نے اپنا راستہ بدل لیا صرف اس لئے کہ کہیں تصادم نہ ہو جائے، ہم نے مسلم لیگ ن کی طرح خیبرپختونخواہ کی پولیس کو استعمال نہیں کیا۔