عمران ناکام ہو گئے، پلان سی افراتفری پھیلانا ہے، مرو اور ماردو کی تقاریر پر فیصل آباد میں عمل کیا گیا: پرویز رشید

عمران ناکام ہو گئے، پلان سی افراتفری پھیلانا ہے، مرو اور ماردو کی تقاریر پر ...
عمران ناکام ہو گئے، پلان سی افراتفری پھیلانا ہے، مرو اور ماردو کی تقاریر پر فیصل آباد میں عمل کیا گیا: پرویز رشید
کیپشن: pervez-rasheed-app

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے عوام نے عمران خان کے حکم نامے کی تعمیل نہیں کی، ان کا پلان سی افراتفری ہے اور پلان ڈی ملک تباہ کرنا ہو گا،جمہوری قوتوں کے اتحاد کے باعث عمران خان اپنے عزائم میں ناکام ہو گئے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پلان اے جمہوریت پرحملہ تھا، پلان بی دھرنے کے ذریعے جمہوریت کا گھیراﺅ تھا، پلان سی کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے جبکہ پلان ڈی ملک کو تباہ کرنا ہو گا۔ ان کاکہنا تھا کہ آج فیصل آباد میں مظاہرین کے خلاف نرم ہتھیار کا استعمال کیا گیا اور ان پر صرف پانی کا چھڑکاؤکیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران کا اے اور بی پلان کامیاب نہیں ہو سکا جس کے بعد لوگوں کے بچوں کو مرنے کیلئے سڑکوں پر لایا گیا ہے اور افراتفری پھیلائی جا رہی ہے اور مرو اور مار دو کی تقاریر پر آج فیصل آباد میں عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ” عمران خان! آگ کے شعلے نہ بھڑکائیں، یہ آپ کے دامن تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔“ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان شرمندہ ہونے کے بجائے فیصل آباد جیسا مظاہرہ لاہور میں کرنے پر بضد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنے کے چیمپئن عمران خان یادداشت ٹھیک نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے شٹ اپ کال دی اور دکانیں بند کرانے کی کوشش کی لیکن عمران خان کے شہروں کو بند کرنے کے اعلان پر پورے ملک سے مخالف ردعمل آیا جبکہ فصل آباد کے شہریوں نے عمران خان کے حکم نامے کی تعمیل سے انکار کر دیا، انہیں سول سوسائٹی اور جمہوری قوتوں کی طرف سے بھی شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح فیصل آباد میں ٹریفک معمول پر تھی جبکہ کاروباری اور تعلیمی ادارے کھلے ہوئے تھے لیکن پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار جتھوں نے سکولوں میں داخل ہو کر تعلیمی ادارے بند کرانے کی کوشش کی اور کھلی دکانوں پر بھی حملہ کیا جبکہ کارکنوں نے ٹائر جلا کر ٹریفک کو معطل کرنے کی کوشش کی جو مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈنڈا بردار جتھے سکولوں میں داخل ہوئے تو بہادر بچیوں اور اساتذہ نے ان کا مقابلہ کیا۔ عمران خان نے انارکی پیدا کرنے کے پلان سی کا آغاز فیصل آباد سے کیا ہے تاہم شہریوں نے ان کے اس طرز عمل کی مذمت کی ہے اور ہم بھی ایسی سیاست اور فیصل آباد میں ہونے والے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شرید ہیں جبکہ قتل کرنے والے کی فوٹیج پولیس کو مل چکی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو گرفتاری کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -