جیمرز کا توڑ، قیدی موبائل زمین پر رکھ کر ہینڈ فری سے کالز کرنے لگے
لاہور (ویب ڈیسک) کیمپ جیل میں قیدیوں نے موبائل جیمرز کا بھی توڑ نکال لیاہے ۔تفصیلات کے مطابق قیدی موبائل فون زمین پر رکھ کر ہینڈ فری کے ذریعے فون کالز کرنے لگے جبکہ موبائل کمپنیوں نے جیل میں سگنل ڈراپ کرنیوالے ٹاور لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گزشتہ 15 روز کے دوران جیل انتظامیہ نے قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں بند حوالاتیوں سے 20 سے زائد قیمتی موبائل فون برآمد کئے۔ جیل میں موبائل فون کے استعمال پر آئی جی جیل خانہ جات نے موبائل فون کمپنیوں کو لکھا ہے کہ وہ اپنے موبائل ٹاور کے سگنل کم کریں تاکہ زمین پر موبائل فون رکھنے سے بھی سگنل نہ آئیں جس کے بعد تمام موبائل کمپنیوں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ جیل میں سگنل ڈراپ کرنے والا ٹاور لگادیا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ کیمپ جیل میں موبائل فون استعمال ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں اور موبائل کمپنیوں کی درخواست پر ہم نے جیمرز کے سگنل کم کئے ہوئے ہیں اگر موبائل کمپنیوں نے اس مسئلہ کو حل نہ کیا تو جیمرز کے سگنل مکمل چھوڑ دئیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی ن لیگ ہاﺅس کی جانب پیش قدمی، پولیس کی بھاری نفری تعینات